بنگلورو،20؍نومبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے نئے ڈپٹی میئر کا انتخاب 6 دسمبر کو کئے جانے کا امکان ہے۔ ڈپٹی میئر کے عہدے کے ساتھ بی بی ایم پی کی بارہ اسٹانڈنگ کمیٹیوں کے ممبران اور چیرمینوں کا انتخاب بھی 6 دسمبر سے قبل کیاجانا ہے، اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر نے بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ اس دوران بی بی ایم پی کے اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی نے ڈویژنل کمشنر شیو یوگی کلساد کی طرف سے کمشنر کو مکتوب لکھنے اور انتخاب کی تاریخ کا اعلان نہ کئے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسٹانڈنگ کمیٹیوں اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لئے تاریخ کا باضابطہ اعلان کردیا جانا چاہئے۔ ڈویژنل کمشنر نے اپنے مکتوب میں بی بی ایم پی کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ 8 دسمبر سے قبل کسی بھی تاریخ میں ڈپٹی میئر اور اسٹانڈنگ کمیٹیوں کے انتخاب کا انتظام کردیا جائے۔ 9نومبر کو تمام بارہ اسٹانڈنگ کمیٹیوں کے چیرمینوں کی مدت پوری ہوچکی ہے، جبکہ میئر گنگامبیکے ملیکارجن کے ساتھ ڈپٹی میئر کے طور پر منتخب ہونے والی رمیلا اوما شنکر کی ناگہانی موت کے سبب ڈپٹی میئر کا عہدہ خالی پڑا ہوا ہے۔ڈپٹی میئر کاعہدہ چونکہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد میں جے ڈی ایس کے حصے میں آتاہے، اس عہدے کے لئے طاقتور دعویداروں میں پادرائن پورہ کے کارپوریٹر عمران پاشاہ، بھدرے گوڈا اور راج شیکھر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بارہ اسٹانڈنگ کمیٹیوں کے لئے چیرمینوں کے تقرر پر کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین آپس میں تبادلۂ خیال کرکے فیصلہ کریں گے۔